” یکجہتی جموں و کشمیرمہم” کے دوسرے مرحلے کا پیدل مارچ چکوٹھی سے مظفر آباد پہنچ گیا
مظفرآبادپاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام” یکجہتی جموں و کشمیرمہم” کے دوسرے مرحلے کا پیدل مارچ چکوٹھی سے مظفر آباد پہنچ گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ”یکجہتی جموں کشمیر مہم” کے دوسرے مرحلے میں ضلع جہلم ویلی میں مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔ چکوٹھی سے چلنے والے پیدل مارچ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں بچے، بزرگ ،نو جوان اور خواتین شامل تھیں ۔ مارچ کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر”گو انڈیا گو بیک ”اور ”اقوامِ متحدہ کشمیر کو حق خودارادیت دو”جیسے نعرے درج تھے۔ مارچ کے شرکا ء پاکستان ، کشمیر ، شہدائے کشمیر اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔ مارچ کے دوران شاہراہِ سرینگر جہادی ترانوں اور نعروں سے گونجتی رہی۔مارچ کے شرکا ء کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے ، اسکی دہشتگردی اور جنگی جرائم کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ چکوٹھی ، چناری ، ہٹیاں بالا ، چٹھیاں ، گھڑی دوپٹہ اور ٹھوٹھہ کے مقام پر مقامی شہریوں نے مارچ کا زبردست استقبال کیا ۔ پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی ، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، سید فیصل گیلانی ، اسرار ہمدانی ، راجہ محمد عارف خان ، محمد امتیاز بٹ ، مہناز قریشی ، الیف الدین ڈار ، محمد فاروق شیخ ، محمد اسماعیل جگوال ، رفعت فاروق ، عبدالرشید شیخ ، محمد فیاض خان اور دیگر نے مختلف مقامات پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ مارچ کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو یہ یقین دلانا ہے کہ وہ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کے کروڑوں عوام ہر محاذ پر انکے حق آزادی اور حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام کے جذبہ حریت کو خراج تحسین اور شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں کشمیر میں استصواب رائے کے انعقادکے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور کالے قوانین کے خاتمے ، کشمیری نظربندوںکی رہائی اور شہریوں کی زمینوں پر قبضے کو روکنے کے لئے اپنا کردارادا کریں۔مقررین نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں اور عوام کو یہ جان لینا چاہیے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں اور کشمیری عوام بھارت کے سامراجی قبضے کو مسترد کرتے ہیں ۔