بھارتی صحافیوں نے کالے قانون کے تحت مقدمات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
نئی دلی 10 نومبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست تری پورہ میں مسلم مخالف تشدد کے خلاف سوشل میڈیاپوسٹوں پرپولیس کی طرف سے صحافی شیام ایم سنگھ اور دیگر کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج کئے گئے مقدمات کی منسوخی کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیام سنگھ کے خلاف "تریپورہ جل رہا ہے” ٹویٹ کرنے پر یو اے پی اے کے کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ۔ ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے تری پورہ پولیس کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فرقہ وارانہ تشدد کی رپورٹنگ کو دبانے کے لیے پولیس نے کالے قانون کا استعمال کیا ہے ۔سپریم کورٹ کے چار وکلاء احتشام ہاشمی، امیت سریواستو، انصار اندوری اور مکیش کمارجنہوں نے تری پورہ میں مسلم مخالف تشدد کے بارے میں تحقیقات کی تھیں کو بھی سوشل میڈیا پر انکی پوسٹوں پر یو اے پی اے کے تحت نوٹس بھیجا گیا ہے۔ تری پورہ پولیس نے کالے قانون ، مجرمانہ سازش، جعلسازی اور دیگر الزامات کے تحت 102سوشل میڈیا صارفین کے خلاف بھی کارروائی شروع کی ہے اور ٹویٹر، فیس بک اور یوٹیوب سے ان اکائونٹس کو بلاک کرنے اور صارفین کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے کہا ہے ۔