مقبوضہ جموں وکشمیر :شہادت امام علی ؓ پر انجمن شرعی کے زیر اہتمام وادی بھر میں مجالس عزاکا اہتمام
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آج امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب ؓ کی شہادت کے موقع پر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں مجالس عزا اور مرثیہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس سلسلے میں قدیمی امام بارگاہ حسن آباد، مرکزی امام بارگاہ بڈگام اور امام بارگاہ یاگی پورہ ماگام میں تلاوت کلام پاک کے بعد دن بھر مجلس اور مرثیہ خوانی کا اہتمام جاری رہا جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے مولا علی ؓکو خراج عقیدت پیش کیا۔انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امیرالمومنین حضرت علی ؓکی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؓ کی شہادت دراصل ایک عادلانہ فکر اور عدل پر مبنی نظام کی شہادت تھی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر انتخاب کو امت مسلمہ کی بصیرت اور اتحاد کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت ایک اہم اور حساس مرحلے سے گزرہی ہے، دشمن تاریخ کا رخ بدلنے کے خواب دیکھ رہا ہے لیکن انقلاب کے وفادار اور با بصیرت فرزند بروقت اور درست فیصلہ کرکے اس کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا رہے ہیں۔
آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت امت مسلمہ کے لیے باعث استحکام و برکت ثابت ہوگی اور انقلاب اسلامی ترقی و استحکام کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی خصوصی حفاظت میں رکھے اور دشمنان اسلام کی ہر سازش سے محفوظ فرمائے۔KMS-16/M







