مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںمسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی ضمانت کا خیرمقدم کرتے ہوئے بھارت اورمقبوضہ علاقے کی جیلوں میں نظربند تمام کشمیری سیاسی قیدیوںکی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایم ایس ایف کے صدر ڈاکٹر قمر الزمان زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں اور کشمیری نوجوانوں کی بگڑتی ہوئی صحت اور مسلسل غیر قانونی نظربندی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حریت رہنماو¿ں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت نظربند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نظربندوں کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں ۔تنظیم نے کشمیری رہنماوں اور کارکنوں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ایم ایس ایف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت غیر قانونی نظربندیوںکے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ بیان میں کہاگیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ڈاکٹر قمر الزمان زرگر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، بین لاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ،ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔تنظیم نے کشمیری دریاو¿ں کا رخ بھارت کی طرف موڑنے سے متعلق بھارتی وزیر توانائی کے بیان کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور خطے کو تباہ کن صورتحال کی طرف دھکیل رہا ہے۔
دریں اثناءڈاکٹر قمر الزمان زرگر کی قیادت میں ایم ایس ایف کے ایک وفد نے شوپیاں اور چھانہ پورہ سرینگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حریت رہنما محمد عبداللہ طاری اور جیل میںنظر بند سلیم ننا جی کے ایک عزیز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کی۔




