ہرش دیو سنگھ کا انصاف کے حصول کے لیے متحدہ جدوجہدکی ضرورت پر زور
جموں09مارچ(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل پینتھرس پارٹی کے رہنما ہرش دیو سنگھ نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ انصاف کے حصول کے لئے نئی دہلی کی مسلط کردہ آمرانہ حکومت کے خلاف متحدہوکر جدوجہد کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرش دیو سنگھ نے جموں میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی سیاسی بالادستی کو جاری رکھنے کے لیے ” تقسیم کرو اور حکومت کرو” کی پالیسی سے اپوزیشن کو توڑ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور مظالم کے خلاف متحدہ جدوجہد کے لیے یکجا ہونا ہوگا۔ اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ سوائے بی جے پی تمام سیاسی پارٹیاںجموں و کشمیر کی محصور سرزمین کے لوگوں کو باعزت انصاف کی فراہمی کے لیے متحد ہوجائیں۔ہرش دیو نے کہا کہ مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی جمہوری اور آئینی حقوق سے اس وقت تک محروم رکھے گی جب تک کہ اپوزیشن رہنما اس کی آمرانہ اور جابرانہ حکمرانی کے خلاف ہاتھ نہیں ملاتے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت اور جمہوری طور پر منتخب حکومت کی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کونہ صرف اس کی ریاستی حیثیت اور ایک جائز منتخب حکومت سے محروم کر دیا گیا ہے بلکہ لوگوں پرباہر کے بیروکریٹس کی انتہائی غیر مقبول حکومت مسلط کی گئی ہے جنہیں علاقے اور اس کے مخصوص مسائل کا کوئی علم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکام غریبوں کو ان کی معمولی سی زمینوں سے بے دخل کررہے ہیں اور ان کے مکانوں، دکانوں اور دیگر مستقل تعمیرات کو ظالمانہ طریقے سے تباہ کررہے ہیں۔