مسلسل ٹارگٹ کلنگ، املاک کی ضبطی کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے: ڈی ایف پی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور شہری املاک کوضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ان کارروائیوں کو علاقے کی مسلم اکثریتی آبادی کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے کی ایک بڑی سازش کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کولگام میں حال ہی میں پانچ نوجوانوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے اسے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو ختم کرنے کے لیے جعلی مقابلوں کی ایک اور مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل وغارت بلا روک ٹوک جاری ہے، شبانہ چھاپوں کے دوران لوگوں کو اغوا کرکے جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔ارشداقبال نے جائیدادوں پر منظم طریقے سے قبضے کومعاشی طور پر کشمیر ی عوام کا گلا گھونٹنے کی دانستہ کوشش قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے اقدامات کا مقصد مسلم اکثریتی علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ڈی ایف پی نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔