مودی حکومت نے جموں وکشمیرکی منفردشناخت مٹانے کے لئے کئی محاذ وں پر حملے شروع کئے ہیں: محبوبہ مفتی
سرینگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے علاقے کی منفرد شناخت مٹانے کے لیے کئی محاذوں پر حملے شروع کیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت غریب عوام سے دولت چھین کر چند سرمایہ داروں کے حوالے کر رہی ہے جو عوام کے لیے مہلک ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی شناخت کو مٹانے کے لیے متعدد محاذوں پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے کارکنوں پر زوردیاکہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھیں اور عوام کے وسیع ترمفاد کے لیے پارٹی سیاست سے اوپر اٹھیں۔انہوں نے کہاجموں و کشمیر میں جاری انتخابات کسی عہدے یا کسی کرسی کے لیے نہیں بلکہ ان کا مقصد بھارتی پارلیمنٹ میں ایک مضبوط آواز پہنچانا ہے جو کشمیر کے محروم لوگوں کی نمائندگی کر سکے اور بھارتی حکمرانوں کو بتاسکے کہ 5اگست 2019کو جو کچھ کیا گیا وہ غلط تھا اور جو کچھ بھی کشمیریوں سے چھینا گیا اسے سود کے ساتھ واپس کرنا ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ انتخابات کا مقصد ایک ایسی آواز کو پارلیمنٹ تک پہنچانا ہے جو ان اقدامات کو بے نقاب کر سکے جن کی وجہ سے جموں و کشمیر سے اس کی دولت، وسائل، ملازمتیں، زمینیں اور سب سے بڑھ کر اس کی منفرد شناخت چھینی جارہی ہے۔