بھارت :ہریانہ میں نام نہاد گائو رکھشکوں کا مسلمان ٹرک ڈرائیور پر حملہ
چندیگڑھ :بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے نوح میں نام نہاد گائو رکھشکوں (گائے کے محافظ گروپ )نے ایک مسلمان ٹرک ڈرائیور ارمان خان پر وحشیانہ حملہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارمان خان کو مارا پیٹا اور بالوں سے گھسیٹاجارہا ہے اور”گائے ہماری ماتا ہے اور بیل ہمارا باپ ہے” جیسے نعرے لگانے پر مجبور کیاجا رہا ہے۔یہ حملہ بھارت میں نام نہاد گائو رکھشکوں سے منسلک مذہبی تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کا حصہ ہے جو اکثر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ لوگ ہندوتوا نظریے سے وابستہ ہیں اور گائے کے تحفظ کے نام پر ہراساں کرنے، مار پیٹ اور حتی کہ ہجومی تشدد میں ملوث ہوتے ہیں۔ہریانہ میں خاص طور پر اس طرح کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔” سنٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ” کی نومبر کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گائو رکھشکوں کی 95% سوشل میڈیا سرگرمیاں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں سے ہوتی ہیں۔حکام نے ابھی تک حملہ آوروں کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے، جس سے اس طرح کے جرائم کے لیے بڑھتے ہوئے استثنیٰ کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے۔