ڈوڈہ میں شدید بارشوں کے باعث 4افراد جاں بحق، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع ڈوڈہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث کم از کم چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دو افراد مکان منہدم ہونے کی وجہ سے جا ں بحق ہوئے جبکہ دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے۔ حکام نے تصدیق کی کہ رہائشی مکانات اور دیگر عمارتوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے، خاص طور پر نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ ضلع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دریں اثناء سرینگر میں محکمہ موسمیات نے پورے علاقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑھنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 24گھنٹے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے زیریں اور وسطی علاقوں میں آج شام تک پانی کی سطح میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور جموں خطے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خاص طور پرچوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔






