آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی، کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے سیمینار کا انعقاد کیا
مظفرآباد23فروری(کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات نے ”کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت“ کے موقع پرکشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (کے پی آر آئی) کے تعاون سے آج( جمعرات ) یونیورسٹی کیمپس میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین پر بھارتی فوجیوں کے مظالم پر روشنی ڈالی گئی۔
سیمینار میں رکن قانون سازاسمبلی نثاران عباسی ، یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر عائشہ سہیل ، کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان ، شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثمینہ صابر خان، ، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر سٹڈیز ڈاکٹر سمیرا شفیق اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی مدیحہ شکیل سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ کشمیریوں کی مزاحمت کے حوالے سے بحث و مباحثوں میں کشمیری خواتین کے کردار کو اکثر نظر انداز کیا جا تا ہے لیکن انہوں نے تحریک آزادی کو پروھاں چڑھانے اور اپنے حقوق کے حوالے سے آواز بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میںجاری انصاف و آزادی کی جدوجہد میں خواتین بھی آگے آگے ہیں اورانہوں نے مظاہروں کو منظم کرنے اور تشدد اور جبر سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور انہیں مدد فراہم میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
مقررین نے خواتین کی جسمانی اور ذہنی صحت پر تنازعات کے اثرات کے ساتھ ساتھ ان طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں مقبوضہ علاقے میں تشدد کو صنفی بنیاد پر جبر کے ایک آلے کے طور پر استعمال کیا گیا۔