یونیورسٹی آف آزاد کشمیر میں” معرکہ حق: سچائی، خودمختاری، استحکام”کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد
مظفرآباد:یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر نے وومن الرٹ فورم کے تعاون سے سچائی، قومی خودمختاری اور علاقائی استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک فکر انگیز سیمینار” معرکہ حق: سچائی، خودمختاری، استحکام” کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیمینار کی صدارت آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے کی، جس میں نوجوانوں میں بیداری، تنقیدی سوچ اور قومی ذمہ داری کو فروغ دینے میں تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیا۔مقررین میں ریٹائرڈچیف جسٹس ابراہیم ضیا، چائنہ پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طلعت شبیر، ڈاکٹر ریحانہ کوثر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئر یونیورسٹی آف آزاد کشمیر، سمیعہ ساجد صدر وومن ونگ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر اور ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ جنرل سیکرٹری کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ شامل تھے۔مقررین نے قومی بیانیے کی تشکیل میں سچائی کی اہمیت، ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے پیش نظر خودمختاری کے تحفظ کی ضرورت اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر اپنی قیمتی بصیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے باخبر مکالمے اور تعمیری مشغولیت کو فروغ دینے میں سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور قیادت کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیااورکہاکہ مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو پائیدار امن کے لیے ناگزیرقراردیا۔مقررین نے زور دیا کہ نوجوانوں کو علم و آگہی سے آراستہ کرنا ہو گا تاکہ وہ قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں اور انصاف اور سچائی کے اصولوں کی پاسداری کریں۔







