کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور دہشت گردی پاکستان کے اہم مسائل ہیں: سردار مسعود خان
اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور افغانستان سے دہشت گردی پاکستان کے اہم مسائل ہیں، جن پر اسے اقوام متحدہ اور سیکریٹری جنرل کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ 2026 میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کا کردار اقوام متحدہ کی امن مشن میں کئی دہائیوں پر محیط خدمات اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 1960 سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اوراس نے مختلف براعظموں میں خدمات انجام دی ہیں۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی رکاوٹوں کے باعث اقوام متحدہ پاکستان کو محض اعلانات اور سفارتی بیانات سے آگے موثر مدد فراہم نہیں کر سکا۔
سردار مسعود خان نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر کو عالمی سفارتی ایجنڈے پر زیادہ نمایاں مقام دیں گے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ایک ممکنہ جوہری فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوئے اس پر مسلسل عالمی توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب، مصر اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کے ساتھ ثالثی کی کوششوں پر اتفاق رائے پیدا کیا، جبکہ چین، یورپی کونسل، کینیڈا، آسٹریلیا، اسلامی تعاون تنظیم اور خلیجی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔







