پاکستان

پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق کی رپورٹ کو مسترد کر دیا

امریکہ غزہ،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں ناکام رہا ہے

foreign-officeاسلام آباد:
پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی ہیومن رائٹس پریکٹسز رپورٹ 2023 کو مسترد کرتے ہوئے رپورٹ کے مندرجات کو غیر منصفانہ، غلط معلومات پر مبنی اور زمینی حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی اس طرح کی غیر مطلوب رپورٹس کی تیاری کی سالانہ مشقوں میں معروضیت کا فقدان ہے اور ان کے طریقہ کار میں فطری طور پر خامیاں ہیں۔بیان کے مطابق یہ رپورٹیں دوسرے ممالک میں سیاسی طور پر متعصبانہ انداز میں انسانی حقوق کا فیصلہ کرنے کے لیے ڈومسٹیک سوشل لینز کا استعمال کرتی ہیں، اس سال کی رپورٹ میں معروضیت کی کمی اور ایک بار پھر بین الاقوامی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو سیاسی بنانا نمایاں ہے، یہ واضح طور پر دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے اس طرح بین الاقوامی انسانی حقوق کی بات چیت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے ایک رپورٹ میں غزہ اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے انتہائی اہم مقامات کو نظر انداز یا کم اہمیت دی گئی ہے۔بیان کے مطابق غزہ کی تشویشناک صورتحال، انسانی امداد کو ہتھیار بنانا اور 33 ہزار سے زیادہ شہریوں کے قتل عام کو صرف سیاسی طور پر محرک رپورٹ ہی نظر انداز کرسکتی ہے، غزہ میں جاری نسل کشی پر امریکہ کی خاموشی انسانی حقوق سے متعلق نام نہاد ملک کی رپورٹوں کے پیچھے بیان کردہ مقاصد کے خلاف ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے آئینی فریم ورک اور جمہوری اخلاقیات کے مطابق اپنے انسانی حقوق کے فریم ورک کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو فروغ دینے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی بات چیت میں منصفانہ اور معروضیت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے، اگر امریکہ کو اس مشق میں شامل ہونا ضروری ہے، تو ہم امریکی محکمہ خارجہ سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ پیچیدہ مسائل کا جائزہ لیتے وقت کم از کم مستعدی سے کام لے، ایسی رپورٹس کو حتمی شکل دینے میں معروضیت، غیر جانبداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔دفتر خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ اسے تمام حالات کے بارے میں سچ بولنے کیلئے مطلوبہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے انتہائی اہم مقامات پر مظالم کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button