بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے مقبوضہ کشمیرمیں ”سب اچھا ہے“ کاجھوٹا پروپیگنڈہ کررہا ہے: رپورٹ
اسلام آباد 07 مارچ (کے ایم ایس)بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آنے کا من گھڑت بیانیہ پیش کرنے کے لئے مسلسل جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔
مختلف سیاسی تجزیہ کاروں نے اپنے میڈیا انٹرویوز میں کہا کہ مسلسل نظربندیاں اورصحافیوں پر بھی کالے قوانین کے نفاذ سے”سب اچھا ہے “ کے بھارت کے دعوے کی نفی ہوتی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کا جینے کا حق سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں اوروہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ”سب اچھا ہے“ کی تصویر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ علاقے میں سب کچھ معمول کے برخلاف ہے۔انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباو¿ ڈالے کہ وہ اقوام متحدہ کے مبصرین اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں کو زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرے۔ تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ تنازعہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام ایک خواب ہی رہے گا۔