مقبوضہ کشمیرمیں رواں سال دو صحافیوں کو گرفتار کیاگیا،بھارتی حکومت کا اعتراف
نئی دلی 28جولائی (کے ایم ایس)
بھارتی حکومت نے پولیس کی طرف سے رواں سال بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو کشمیری صحافیوں کی گرفتاری کا اعتراف کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے نے یہ اعتراف بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں مقبوضہ و کشمیر میں صحافیوں کی گرفتاریوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا ۔سوال میں اگست 2019میں دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کے بعد سے قابض حکام کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںصحافیوں کی گرفتاریوں اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے واقعات میں اضافے سے متعلق دریافت کیاگیا تھا۔ انہوں نے ایک تحریری جواب میں کہا کہ رواں سال کے دوران دو صحافیوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیاگیا ۔بھارتی وزیر مملکت نے کہاکہ 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ سروسز کو طویل عرصے کیلئے معطل کردیاگیاتھا۔