آزاد کشمیر
عالمی برداری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان
مظفرآباد11مارچ (کے ایم ایس)
آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔
بیرسٹر سلطان نے آج مظفر آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خطے کی مخدوش صورتحال جنوبی ایشیاء کی دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان جوہری جنگ کا باعث بن سکتی ہے ۔ آزاد کشمیر کے صدر نے کہاکہ عالمی برداری کو دونوں ایٹمی قوتوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی واقعہ یا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جوجنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے امن کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہیں۔