آزاد کشمیر

قمر زمان کائرہ کی طر ف سے جھوٹے مقدمے میں یاسین ملک کو مجرم قراردینے کی شدید مذمت

اسلام آباد19مئی (کے ایم ایس)
امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے بھارتی عدالت کی طرف سے جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپرنظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کو انکے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے ایک بیان میں کہاکہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت یاسین ملک کو مجرم قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ بھارت کا ہر ریاستی ادارہ آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ پر عمل پیرا ہے اوربھارت کا نظام انصاف مودی کی فسطائی حکومت کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے ۔ قمر زمان کائر ہ نے کہاکہ بھارت ماضی میں ممتاز کشمیری رہنمائوں محمد افضل گورو اورمحمد مقبول بٹ کا بھی عدالتی قتل کر چکا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ بھارت گزشتہ کئی برسوں سے یاسین ملک کونئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بے گناہ قید رکھنے کے باوجود ان کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکاہے۔ مشیر امورکشمیر اور گلگت بلتستان نے کہاکہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد ،قتل عام اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری وعوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو کچلنے میں مکمل طورپرناکام ہو گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام تمام تر بھارتی ہتھکنڈوں کے باوجود اپنا حق خود ارادیت لے کر رہیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button