بیانات

او آئی سی کی بھارتی حکمران جماعت کے عہدیدار کی طرف سے پیغمبر اسلامۖ کی توہین کی شدید مذمت

اسلام آباد07جون (کے ایم ایس)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک عہدیدار کی طرف سے پیغمبر اسلامۖ سے متعلق گستاخانہ اور توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ بھارت میں اسلام کے خلاف نفرت کے بڑھتے ہوئے سلسلہ خاص طور پر بھارت کی کئی ریاستوں میں تعلیمی اداروں میں حجاب کے استعمال پر پابندی کے فیصلوں، مسلمانوں کی املاک کو تباہ کرنے اور ان کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد سمیت بھارتی مسلمانوں کے خلاف منظم طرز عمل کا حصہ ہے۔او آئی سی نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان توہین آمیز واقعات اور رسول اکرم ۖ کی توہین کرنے والوں اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور ان میں ملوث افراد کا فیصلہ کن طور محاسبہ کریں۔ بیان میں بھارتی حکام سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ مسلمانوں کی حفاظت، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے اور ان کے حقوق کے ساتھ ساتھ مذہبی اور ثقافتی شناخت، وقار اور عبادت گاہوں کا تحفظ کرے۔ او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button