بیانات

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے: حریت کانفرنس


اسلام آباد 28دسمبر(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے جہاں شہریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشا خ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے وردی پوش دہشت گردوں نے آج جموں کے علاقے میں درندگی اوربربریت کا بہیمانہ کھیل کھیلتے ہوئے 4 نوجوان کو شہید کردیا۔ انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ علاقے میںروزانہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل اور املاک کو تباہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5گست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں اوروہ حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں یاجیلوں میں نظربند کر رکھا ہے جبکہ ہزاروں کشمیری جن میں بیشتر نوجوان ہیں ، پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت مختلف کالے قوانین کے تحت جیلوں میں بند ہیں ۔انہوںنے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک محکوم بناکرنہیں رکھاجا سکتا۔ حریت رہنما نے کہاکہ ہند انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کررکھا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و تشدد اور بھارتی تسلط کوختم کرانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے لیے جارحانہ سفارتی مہم چلائے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button