اقوام متحدہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر بھارت کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے: فاروق رحمانی
اسلام آباد14جون (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے بھارت میں پیغمبراسلام حضرت محمد ۖ کے بارے میں گستاخانہ بیانات کے خلاف مسلمانوں کے احتجاج کے بعد فرقہ پرستوں اور نسل پرستوں کی جانب سے مسلمانوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کے طول وعرض میں مسلمانوں پر قاتلانہ حملوں ،ان کے گھروں کو مسمار اور کاروباری املاک کو تباہ کرنے پر بھارت کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جذبات کو ٹھنڈاکرنے،شرمناک بیانات پر افسوس کا اظہار کرنے اور بھارت کے 25کروڑ سے زائد مسلمانوں کے جان و مال کی حفاظت کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کررکھی ہے جبکہ یوپی کے وزیراعلی ریاست بھر میںمسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنارہے ہیں ، انہیںہجوموں کے ذریعے قتل کروارہے اورمجرموں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قابض حکام نے وادی کشمیر اور جموں خطے میں پرامن مظاہرین کو روکنے کے لیے انتقامی ہتھکنڈے شروع کر رکھے ہیں۔محمد فاروق رحمانی نے او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ گستاخانہ بیانات، ہندو ہجوموںکی جانب سے مسلمانوں کی لوٹ مار ، آتش زنی اور املاک کو تباہ کرنے کے مسائل کو اقوام متحدہ کے سربراہ اور یورپ اور ایشیا کے سیاسی رہنمائوں کے سامنے سنجیدگی کے ساتھ اٹھائے۔