”ہفتہ شہداء” کا آغاز شہدائے کشمیر کے لئے دعائوں سے کیاگیا
حریت رہنمائوں کا شہدا ء کے مشن کوجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
سرینگر 06جولائی(کے ایم ایس)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج سے ہفتہ شہداء منا رہے ہیں تاکہ ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے جنہوں نے مادر وطن کو ماضی اور حال کی قابض طاقتوں سے آزاد کرانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہفتہ شہداء کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر منایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں نے چھاپوں،محاصروں،تلاشی کی کارروائیوں اورسخت پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے محلوں، گائوں اور وارڈ زکی سطح پر کشمیری شہدا ء کے لیے قرآن خوانی کی اور خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا۔ اسی طرح کی تقریبات پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا کے دیگر حصوں میں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
معروف نوجوان رہنما برہان وانی کے یوم شہادت 8جولائی کو یوم مزاحمت کے طور پر منایا جائے گا جبکہ 13جولائی کو 1931ء کے 22شہدا ء کی یاد میں یوم شہدائے کشمیر کے طور پر منایا جائے گا جو اس وقت کے مہاراجہ کشمیر کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔ یہ شہداء سرینگر کے علاقے نقشبند صاحب میں مزار شہداء میں مدفون ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 08جولائی کو برہان وانی کے آبائی قصبے ترال میں اور 13جولائی کو سرینگر کے علاقے نقشبند صاحب میں جمع ہو کر شہدا ء کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔
دریں اثناء نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے اپنے پیغامات میں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے جموں و کشمیر کی آزادی تک شہدا ء کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے برہان وانی، شہدائے13جولائی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں شہدا ء کی بے مثال قربانیاں کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ ہیں۔
بھارتی فوجیوں نے سری نگر، گاندربل، بارہمولہ، پلوامہ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام اور سرینگر جموں ہائی وے کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔ فوجیوں نے لوگوں کو ہراساں کرنے کے علاوہ کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
ادھر آج ضلع پونچھ کے علاقے جھلاس میں بھارتی فوج کے ایک فائرنگ رینج میں ہونے والے دھماکے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب فوجی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ رینج میں تربیت میں مصروف تھے۔