مقبوضہ جموں و کشمیر
کشمیری عوام نے 5اگست2019کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کو تسلیم نہیں کیا، عمر عبداللہ
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے دفعہ370کی منسوخی کو قبول نہیں کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے عوا م نے 5 اگست 2019کے مودی حکومت کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات فیصلے کوقبول نہیں کیا ہے ۔ انہوںنے اسمبلی سے خطاب میں 5اگست کے مودی حکومت کے اقدامات پر براہ راست موقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اسمبلی جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ کشمیری عوام نے مودی حکومت کے ان یکطرفہ اقدامات کی کبھی حمایت نہیں کی اور اگر کشمیریوں نے اس فیصلے کو تسلیم کیاہوتا تو آج سیاسی منظر نامہ اور انتخابی نتائج مختلف ہوتے۔