دفعہ 370کی بحالی سیاست سے بالاتر اور جموں وکشمیر کے وقار اور تشخص کی بحالی کامعاملہ ہے ، وحید پرا
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کشمیر اسمبلی وحید الرحمان پرا نے کہا ہے کہ دفعہ 370کی بحالی کا مطالبہ سیاسی عداوت سے بالاتر ہے،جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے وقار اور تشخص کو بحال کرنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وحیدپرا نے یہ بات دس سال کے بعد مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے پہلے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کی۔ انہوں کہاکہ ہم دفعہ 370اورجموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی اس کی اصل حالت میں بحالی کے خواہاں ہیں، جسے مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو منسوخ کر دیا تھا۔انہوں نے اس سلسلے میں ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام نے اس حکومت کو خاص طور پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کوجموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے اعتماد دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370پر قرارداد کو سیاست کے بجائے وقار اور شناخت کے طورپر ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پانی، سڑکیں، بجلی اور روزگار جیسے مسائل کے حل میں تاخیر ہو سکتی ہے لیکن دفعہ 370پر قرارداد، جو لوگوں کے وقار اور شناخت سے متعلق ہے ، اس ایوان کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ وحید الرحمان پرا نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ چار روزہ اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں قرارداد کو شامل کریں۔انہوں نے اس قرارداد پر نیشنل کانفرنس کی حمایت بھی طلب کی ۔