بھارت کے یومِ آزادی سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات
سرینگر14اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل حفاظتی اقدامات کے نام پر علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد تعینات کر دی ہے۔
بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے پورے علاقے میں گاڑیوں کی چیکنگ اور مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی جامہ تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔زمینی اور فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ پورے علاقے میں خاص طور پر سرینگر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سرینگر کے کرکٹ اسٹیڈیم جہاں سرکاری تقریب منعقد ہونی ہے، کے ارد گرد بھارتی پیراملٹری فورسزکی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور نئے بنکر اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ ڈرون کے ذریعے بھی اسٹیڈیم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔سرینگر کے اہم علاقوںلال چوک، رام منشی باغ، اندرا نگر، ڈلگیٹ، بربرشاہ، منور آباد، خانیار، راج باغ، کوٹھی باغ، شہید گنج، ٹورسٹ ریسپشن سینٹر، کرالہ کھڈ اور کئی دیگر علاقوں میں سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے شہر بھر میں خصوصی چوکیاں قائم کی ہیں۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون اور فورسز کی گاڑیوں اور عمارتوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اونچی عمارتوں پر بھارتی فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کڑی نگرانی کے لیے سونگھنے والے کتوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔