مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری شہریوں کے قتل کیخلاف مسرت عالم بٹ کی طرف سے دوروزہ ہڑتال کی اپیل

سرینگر 25 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دن دیہاڑے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف آج سے دو روزہ ہڑتال کریں اور سول کرفیو نافذ کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک اپیل میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے سرینگر کے رام بن چوک میںایک جعلی مقابلے میں مزید تین نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اورشہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج(جمعرات کو)اور کل مکمل ہڑتال کریں۔ انہوں نے رام باغ سرینگر میں نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں کے فوری ردعمل کا خیرمقدم کیا ۔ لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے تھے اور نوجوانوں کو قتل کرنے پر بھارتی قابض انتظامیہ اور فوجیوں کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کو اپنا جھوٹافوجی تکبر ترک اور کشمیری عوام کے صبر کا مزیدامتحان نہیں لینا چاہیے جنہوں نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کوکبھی تسلیم نہیں کیا۔حریت چیئرمین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں شہریوں کی نسل کشیُ کے بھارت کے مذموم عزائم کاسخت نوٹس لیں جہاں سفاک بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے جعلی مقابلوں میں بڑے پیمانے پر نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں ۔ مسرت عالم بٹ نے حیدر پورہ اور رام باغ کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سانحات میں ملوث بھارتی فوجیوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اقوام متحدہ کے زیراہتمام عالمی عدالت انصاف سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔حریت چیئرمین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زوردیا کہ وہ متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل اورنہتے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے عالمی ادارے اور اس کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کریں ۔ادھرجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں رام باغ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین کارروائی قراردیتے ہوئے جمعہ کو کل پر امن احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر بھارتی فورسز بے گناہ نوجوانوں کوقتل اور عمر بھر کیلئے معذور بنارہی ہیں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button