امیت شاہ کے دورہ کے خلاف کل مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی جائیگی
سرینگر04اکتوبر(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف کل بروز بدھ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی ۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ جس کا مقصد بھارت اور عالمی برادری کو واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت سے کم کوئی چیز قبول کرنے پر تیار نہیں ہے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ان سے کیاگیاتھا۔ دیگر حریت تنظیموں اور رہنمائوں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔
ادھر بھارتی فوج، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر سخت پابندیوں اور تلاشیوں کے علاوہ پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بیک وقت محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام امیت شاہ کے دورے کی مذمت کرتے ہیں جس کا مقصد کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔