اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے
اسلام آباد 24اکتوبر(کے ایم ایس) آج جب دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا دن منایا جا رہا ہے، کشمیری استصواب رائے سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج جب اقوام متحدہ اپنے باضابطہ قیام کی 77ویں سالگرہ منا رہا ہے، بھارت کشمیرسے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا دن اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ 7دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہونے کے باوجود تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ یہ جدوجہدمیں مصروف کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرنے کا وقت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کے آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے حق کی توثیق کرتی ہیں اور اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے کیونکہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سب سے پرانا مسئلہ ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے 5اگست 2019کے اقدامات جموں و کشمیرسے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ تنازعہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے ۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔