کرناٹک: ٹیپو سلطان کا مجسمہ نصب کرنے کے اعلان پر رکن اسمبلی تنویر سیٹھ کو جان سے مارنے کی دھمکی
بنگلورو19 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک کے سابق وزیر اور کانگریس کے رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ شیر میسور ٹیپو سلطان کا بلند ترین مجسمہ نصب کرانے کے اعلان پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گی ہے۔
تنویر سیٹھ نے اس سلسلے میں ادئے گری تھانے میں ایک ہندو انتہاپسند کارکن رگھو کے خلاف شکایت درج کرائی ہے ۔ رگھو نے ایک ویڈیو بیان میں تنویر سیٹھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیپو سلطان کا مجسمہ نصب کرنے کے بیان پر معافی مانگے اور اسے واپس لے اور اگر بیان واپس نہ لیا تو تمہیں دفنانے کیلئے جگہ تیار ہے۔
تنویر سیٹھ نے کہا تھا کہ وہ تاریخی شہر میسور یا سری رنگا پٹنا میں ٹیپو سلطان کا سو فٹ سے زائد کا بلند مجسمہ لگوائیںگے۔ انہوںنے کہا تھاکہ برسر اقتدار بی جے پی اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیمیں اپنے سیاسی فائدے کیلئے اٹھارویں صدی کے مسلم حکمران ٹیپو سلطان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوںنے مزید کہا تھا کہ گوکہ اسلام مجسمے کی اجازت نہیں دیتا لیکن موجودہ حالات میں یہ علامت ضروری ہے کیوں کہ بی جے پی اور سنگھ پری وار کی دیگر تنظیمیں انگریزوں کے خلاف لڑ کر شہید ہونے والے مسلم حکمرانوں کے خلاف مسلسل پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ ہندو تنظیموں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ٹیپو سلطان کا مجسمہ نصب کیا گیا تو وہ اسے ڈھا دیں گی۔