منی پور :پیراملٹری بس کو آگ لگا دی گئی،فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک
امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب کہ ایک مشتعل ہجوم نے پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کو لے جانے والی ایک بس کو آگ لگا دی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع امپھال میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جب کہ ضلع کانگ پوکپی میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس کو ہجوم نے روک کر نذر آتش کر دیا تاہم بس میں موجود اہلکار بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نوجوان کی لاش میجاو ممنگ لیکائی علاقے سے ملی ہے اس کے سر کے پچھلے حصے پر گولی لگی تھی۔ سی آر پی ایف بس کو کانگ پوکپی بازار میں 200 کے قریب مسلح افراد نے روک کر آگ لگا دی۔تاہم ہجوم نے بس کو جلانے سے قبل اس میں موجود اہلکار کو بھاگ جانے کو کہااور یوں وہ محفوظ رہے۔