عوامی مجلس عمل کا کئی شخصیات کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر30نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے سرینگر اور دیگر علاقوں میں گزشتہ چند روز کے دوران مختلف حادثات اور علالت کے باعث کئی شخصیات کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مجلس عمل نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں ا پنے نظربند چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے تمام سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انتقال کرنے والوں میں حاجی باغ سرینگر کے غلام محمد لنکر بھی شامل ہیں جو ایک نعت خواں اورروز اول سے میر واعظ خاندان کے خیر خواہ تھے۔ تنظیم نے مشتاق احمد شاہ کی اہلیہ، خواجہ عبدالرشید بیگ اورچنانی ادھم پور میں خوفناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا جن میںخطیب و امام جامع مسجد سنگلدن گول رامبن مفتی جمال الدین اوران کے بیٹے مولانا عبدالحمید رضوی شامل تھے۔
دریں اثناء عوامی مجلس عمل کے کئی وفود بچھ پورہ، لال بازار، وانگن پورہ اور ہوکرسر لاوے پورہ گئے اور تنظیم کی قیادت بالخصوص میر واعظ عمرفاروق کی طرف سے غمزدہ خاندانوں تک تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔ وفودنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔