حریت رہنمائوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت
سرینگر20 دسمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں روزانہ کی بنیاد پر کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔
حریت رہنمائوں سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس اور فریدہ بہن جی نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیری عوام کو حق پر مبنی تحریک آزادی سے وابستگی کیلئے بے گناہ نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں سے مرغوب نہیں ہونگے اور اپنا پیدائشی حق حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک کشمیری عوام اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ تحریک آزادی اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری عوام نے بیش بہا قربانیا ںدی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جو بھارت کی ہٹ دھرمانہ پالسیوں کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے اور اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا کردار عالمی سطح پر کررہا ہے جس کو کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے اور بھارتی قابض فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔