مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کے امور میں مداخلت سے باز رہے ، محبوبہ مفتی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس کو کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے اتحاد کے معاملات میں دخل اندازی سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کشمیر یوں کی طرف سے بی جے پی کو مسترد کئے جانے کے فیصلے سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔انہوں نے استحکام کے لیے ووٹ دینے پر کشمیری عوام کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کی قیادت کو اس کی شاندار جیت پر مبارکباد دی۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو ایک مستحکم حکومت کو ووٹ دینے پر مبارکباد دیتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ 5 اگست 2019 کے بعد سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ایک مضبوط اور مستحکم حکومت ہی ان مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے اپنی پارٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات میں بھی ان کا ساتھ دینے پر وہ کارکنوں کی شکر گزار ہیں اور وہ امید نہ ہاریں۔