مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ فروری میں 5کشمیریوں کو شہید کیا


بھارت 168بے گھر کشمیریوں کی املاک ضبط کر رہاہے
سرینگریکم مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ فروری میں 5بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 2 نوجوانوں کو فوجیوں نے دوران حراست شہید کیا ۔بھارتی پولیس نے ضلع کٹھوعہ کی نگری پولیس چوکی پر ایک گرفتار شہری سونو کمار کو اذیتیں دے کر ہلاک کردیا۔بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی 193 کارروائیوں میں115نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
ادھر 4 ہزار سے زائد حریت رہنما، کارکن، نوجوان، طلباء اور انسانی حقوق کے علمبردار بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں مسلسل نظربند ہیں جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، ایاز اکبراورخرم پرویزشامل ہیں۔
 کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے آج زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کے شہداء کو ان کی 33ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔1990میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقوں زکورہ اور ٹینگ پورہ میں بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے پچاس سے زائد بے گناہ شہریوں کوشہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔
کنوینر محمود احمد ساغر کی زیر صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ زکورہ اور ٹینگ پورہ جیسے قتل عام کے واقعات مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی کی مہم کا حصہ ہیں۔
دریں اثناء مودی کی بھارتی حکومت نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مجبورا آزاد کشمیر ہجرت کرنے والے تقریبا 168  کشمیریوں کی املاک ضبط کرنا شروع کر دی ہیں۔ ان میں سے 118کا تعلق ڈوڈہ، 36کا کشتواڑ اور 14کا تعلق مقبوضہ علاقے کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے ہے۔
بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے بھارتی ریاست اتر پردیش میں بی جے پی حکومت کی جانب سے درج کیے گئے ایک جعلی مقدمے میں 7 مسلمانوں کو موت کی سزا سنائی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button