سیدعلی گیلانی کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ
سرینگر31 اگست (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں نے شہید بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے عظیم مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی زندگی بھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرتے رہے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی وکالت کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے زندگی بھر کی جدوجہد کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کیلئے غیر متزلزل جدوجہد اور قربانی ایک قابل فخر میراث ہے جو کشمیریوں کی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں مولوی بشیر احمد عرفانی، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، غلام نبی سمجھی، غلام محمد خان سوپوری، بلال احمد صدیقی ،محمد یوسف نقاش، فریدہ بہن جی، محمد عاقب ،یاسمین راجہ اور مسز محبوبہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جاری جدوجہد میں سید علی گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے لیے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ قائد نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور وہ کشمیریوںکی ایک توانا آواز تھے۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، مشتاق احمد بٹ ، سید منظور احمد شاہ اور مشتاق حسین گیلانی نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما تھے، وہ جبر و استبداد کے خلاف ہمت ، بہادری اور ثابت قدمی کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنما کی جدوجہد، جرات اور قربانیاں دنیا کی ان مظلوم قوموں کو متاثر کرتی رہیں گی جن کی آزادی جارح ملکوں نے سلب کر رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن اور نظریات زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے اور انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے پر مجبور کریں۔