بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے، ماس موومنٹ
سرینگر30 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ماس موومنٹ نے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کر کے خطے میں دیر پا امن یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات شبیر احمدنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے پیدائشی حق ِ، حق خود ارایت کی جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارت اپنی تمام تر کوششوںکے باوجود انکی آوازکو دبا نہیں سکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں خوف و ہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے مگر اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداءکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔