عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کرداراداکرے: وزیر اعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد: آزاد جموں کشمیرکے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیرتنازعہ کشمیر کوحل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی، مقبوضہ جموں وکشمیر میں سیاسی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیرکا حل نہ ہوناہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت چھین لی ہے تب سے خطے میں صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا یکطرفہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے نہ تو بھارت کے جابرانہ فوجی قبضے کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی وہ بھارتی سپریم کورٹ کے جانبدارانہ فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے منصفانہ کاز کواجاگرکرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اوردنیا کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے فوری حل کی طرف مبذول کرائے گی۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کوٹلی میں حالیہ کشمیر کانفرنس کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں منعقدہ کانفرنس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کو کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی کو تقویت پہنچانے کے لیے اپنی پارٹی کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔