دنیا بھر میں پاکستانی سفارتی مشنز میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا
اسلام آباد :دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکہ کے شہر ڈیلاس میں فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری تارکین وطن، مقامی معززین اور سکھ برادری نے شرکت کی۔قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، ڈاکٹر آصف رحمان، کیرن جے فشر، ڈاکٹر سیما کریتنیا، ضمیر احمد، تاج خان، سردار سوار اور صغیر خان نے تقاریر کیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔چین میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت سمیت کشمیر کاز کیلئے ملک کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا، اس موقع پر سفارتخانے نے عالمی امن و سلامتی کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین پر مسلسل عمل درآمد نہ کرنے پر ایک پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا۔پینل کے شرکا نے تنازعات کے حل اور روک تھام کیلئے کثیرالجہتی کی اہمیت پر زور دیا جس میں اقوام متحدہ مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ تقریب میں سفارتکاروں، اسکالرز، ماہرین تعلیم اور میڈیا نے شرکت کی۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی سات دہائیوں سے زائد طویل کوششوں کو سراہا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مظالم کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے سے نہیں روک سکتے۔ کشمیری برادری کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کے خلاف بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ دریں اثنا کمبوڈیا کے شہر نوم پین میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ویتنام کے شہر ہنوئی میں پاکستانی سفارت خانے نے یوم یکجہتی کشمیر منانے اور کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے اظہارکیلئے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھییوم یکجہتی کشمیرمنانے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی تارکین وطن، سول سوسائٹی اور مقامی میڈیا کے ارکان نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر سید احمد معروف نے پاکستانی قیادت کے بیانات پڑھ کر سنائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا۔سری لنکا کے شہر کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیمینار اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تصویری نمائش کے حصے کے طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی پر مبنی تصاویر کی بھی نمائش کی گئی۔ سیمینار کے دوران مقبوضہ کشمیر میں تشدد پر مبنی ڈیجیٹل ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ آسٹریلیا میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل میلبورن میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے قونصل جنرل، چیئرمین کشمیر کونسل یورپ سید علی رضا اور معروف مصنفہ محترمہ لورا شورمنز نے خطاب کیا۔ تقریب میں طلبا کی نظمیں، تقاریر اور ٹیبلو بھی شامل تھے۔ شرکا نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔ آذربائیجان میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس دن کو منانے کیلئے سفارت خانے کے عہدیداروں کے ساتھ شرکت کی۔ آذربائیجان نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقصد کی حمایت کی ہے۔ اسی طرح اسپین میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی ویلنسیا میں اس حوالے سے ایک تقریب منعقد کی۔ سفیر شجاعت راٹھور نے کشمیری بھائیوں کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ تقریب میں پاکستانیوں، کشمیریوں اور ہسپانوی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تہران میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں سفیر نے کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ مظالم پر روشنی ڈالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت کا اعادہ کیا۔نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں پاکستانی سفارت خانے نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک مباحثہ پروگرام کا انعقاد کیا۔ سفیر ابرار ایچ ہاشم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے تناظر میں بین الاقوامی برادری کے کردار اور ردعمل پر زور دیا جس میں جموں و کشمیر کے عوام سے ان کے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا ہے۔ جاپان کے شہر ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، کشمیریوں کے ساتھ ساتھ جاپانی میڈیا کے افراد نے بھی شرکت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے ورچوئل طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔