کشمیر پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے،27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر واضح پیغام دیا جائے گا، انجینئر امیر مقام
اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے امور کشمیراور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے،27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر واضح پیغام دیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اسلام آباد میں 27اکتوبر کویوم سیاہ منانے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے،27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر واضح پیغام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے جسے کشمیری عوام نے مسترد کر دیا ہے۔مقبوضہ جموں کشمیر کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس ہونی چاہیے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا،کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائے گی اور پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے اور مسئلہ کشمیر زندہ ہے اور آزادی تک ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر حکومتوں کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو یوم سیاہ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کو جہاد قرار دیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ان کو سراہا۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندے ملک بھر اور آزاد جموں کشمیر میں یوم سیاہ کی ریلیوں میں شرکت کریں گے۔