مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا
سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کاررروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارہمولہ کے علاقے گلمرگ کے بوٹا پاتھری میں بھارتی فورسز کا آپریشن آج تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ آپریشن جمعرات کی شام ایک حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں کم از کم دو بھارتی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔ فوجیوں نے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کر کے دو نوجوان شہید کیے تھے۔آپریشن میں ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
ضلع گاندربل کے مختلف علاقے میں آج مسلسل ساتویں روز بھی بھارتی فوجیوںکا تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع ریاسی کے جنگلات میں بھی تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ فوجی تلاشی آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ ضلع سامبا کے رام گڑھ سیکٹر میں بھی قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے ۔ بھارتی فورسز نے ان کارروائیوں کے دوران اب تک درجنوں افراد کو حراست میں لیا ہے ۔ مقامی رہائیشوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو حراساں اور قیمتی گھریلو اشیاءکی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔