کھائی گلہ: ”سلام شہدائے وطن “ کے عنوان سے منعقدہ ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت
شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش
راولا کوٹ:
آزاد جموں وکشمیر کے علاقے راولا کوٹ کھائی گلہ میں آج ”یوم شہدائے جموں “ کے موقع پر ”سلام شہدائے وطن “ کے عنوان سے منعقدہ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ ریلی کا انعقاد” حق دو تحریک آزاد کشمیر“ کے بانی ڈاکٹر عرفان اشرف نے کیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کے شرکاءنے کھائی گلہ بازار کا چکر لگایا ۔ریلی سے سابق ترجمان حکومت آزاد کشمیر ڈاکٹر عرفان اشرف ، سردار قمر رشید ، سردار زاہد ، سردار قمر رشید ، سردار سرور سدوزئی، سردار اخلاق رفیق ، سردار اعظم گل ، سردار شوکت ایڈوکیٹ، سردار جمیل خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر عرفان اشرف اور دیگر مقررین نے شہدائے جموں کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم شہداءتحریک آزادی کشمیر کے روشن ستارے ہیں جن کی قربانی کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ جموں میں سامبا کے جنگلات میں 2لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا،یہ لوگ اپنے خوابوں کی سرزمین پاکستان جاناچاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے اس قافلہ حریت کو سامبا کے جنگلات میں آر ایس ایس کے غنڈوں اور مہاراجہ کی فورسز کی طرف سے وحشیانہ قتل عام سامنا کرنا پڑا۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں آج بھی شہدا کو پاکستان کے پرچم میں دفنایا جاتا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ بیس کیمپ اپنا اصل کردار ادا کرئے ۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی تنازعہ کشمیر بارے سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جس طرح عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے وہ لائق تحسین ہے۔
مقررین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے کشمیر بارے دو ٹوک اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں وکشمیر بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ریلی کے شرکا ءنے” کشمیر بنے گا پاکستان ،شہدا کے وارث زندہ ہیں ، بھارت سے لیں گے آزادی “کے فلک شگاف نعرے لگائے۔