لداخ کے سالانہ بجٹ میں 976کروڑ روپے کی کٹوتی پر اظہار تشویش
لہہ: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لداخ خطے سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن حاجی حنیفہ جان نے خطے میں 2024-25کے نظرثانی شدہ بجٹ میں 976کروڑ روپے کی کٹوتی پر شدید تشویش کااظہارکیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لداخ انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک آفس میمورنڈم کا حوالہ دیتے ہوئے حنیفہ جان نے کہاکہ مختص رقم 3,076.16 کروڑ روپے سے کم کر کے 2,100کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمی سے اہم شعبے اثر انداز ہونگے جن میں سرکاری منصوبے، خصوصی ترقیاتی پیکجز (SDPs) اور لہہ اور کرگل میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے لیے فنڈنگ شامل ہیں۔رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ یہ ایک تشویشناک بات ہے خاص طور پر جب لداخ نے اپنے مختص بجٹ کو مختلف شعبوں میںموثر طریقے سے استعمال کیا ہے۔ انہوںنے خبردار کیا کہ اس کمی سے سڑکوں، پینے کے پانی، قابل تجدید توانائی، صحت، تعلیم اور ٹیلی مواصلات جیسے اہم شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی خطرے میں پڑجائے گی ۔