بھارت : جھارکھنڈ میں بی جے پی کے مسلم دشمن اشتہار کے خلاف احتجاج
نئی دہلی: بھارتی ریاست جھارکھنڈمیں اسمبلی انتخابات کے لئے مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک مسلمان دشمن اشتہار سے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور کانگریس کی شکایات کے بعد الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اشتہار کی ویڈیو ہٹانے کی ہدایت کی اور بی جے پی کو نوٹس جاری کیا۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت ناقدین نے اس اشتہار کو فرقہ وارانہ زہر قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن روح اللہ مہدی نے اشتہار کو نازی پروپیگنڈے سے تشبیہ دی جبکہ سینئر صحافی سوہاسینی حیدر نے بھارت کی سیکولر امیج پر اس کے نقصان دہ اثرات کو اجاگر کیا۔ جے ایم ایم نے اس اشتہار کو انتخابی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ووٹروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔