بھارت :منی پورمیں لوگوں کا خالی تابوت اٹھاکر مارچ،علیحدہ ریاست کا مطالبہ
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کے ضلع چورا چند پور میں سینکڑوں لوگ خالی تابوت لے کر سڑکوں پر نکل آئے جوایک علیحدہ ریاست اورریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے لوگوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جوائنٹ فلانتھروپک آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ریلی صبح 11بجے شروع ہوئی جومئی 2023سے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے عیسائیوں کی یادگارپر اختتام پذیر ہوئی۔شرکا ء نے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر انصاف اور پہاڑی علاقوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کے مطالبات درج تھے۔چندروزقبل ضلع جیری بام کے علاقے جاکورادھور میں ایک جعلی مقابلے میں کم از کم 10 افراد مارے گئے تھے۔کوکی قبیلے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے گائوں کے رضاکار تھے جو اپنے قبیلے کا دفاع کر رہے تھے۔ تازہ ترین واقعے سے وادی امپھال کے رہائشی ہندو قبیلے میتی جس کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے اور پہاڑی علاقے میں مقیم عیسائی قبیلے کے درمیان جاری نسلی جھگڑے میں شدت آگئی ہے۔ اس تصادم میں مئی 2023سے اب تک 220سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔مارچ کا اختتام بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام ایک یادداشت پیش کرنے سے ہواجس میں احتساب اور انصاف کا مطالبہ کیا گیاہے۔