جموں:جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے احتجاجی مظاہرہ
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر کسان تحریک کے صدر کشور کمار کی قیادت میں سی پی آئی(ایم) کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ ز اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جن پر دربار موو(دارلحکومت کی منتقلی) ، ریاستی شناخت کی بحالی اور کشمیریوں کے زمینوں اور ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر کشور کمار نے کہاکہ ہم جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت ، دربار موو کی بحالی اور کشمیریوں کی زمینوں اور ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کاکہناتھا کہ مقبوضہ علاقے میں نئی ریاستی حکومت کے برسراقتدارآنے کے بعد بھارتی قابض انتظامیہ کو کشمیریوں کی خصوصی حیثیت بحال کرتے مقامی زمینوں اور ملازمتوں کے انکے حق کا تحفظ کرنا چاہیے۔کمار نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیری عوام کو خصوصی درجہ دیا تھا۔جسے بھارتی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں منسوخ کر کے کشمیر یوں سے دشمنی کی ہے ۔