73 برس گزر گئے کشمیر کا بحران جہنم بنا ہوا ہے، ڈاکٹر فائی
واشنگٹن ڈی سی 10 دسمبر (کے ایم ایس) واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر ایوئیرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی سنگین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق متنازعہ خطے میں اپنی نگرانی میں رائے شماری کے انعقاد کا پابند ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کے باعث بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے اور بھارتی فورسز کے نو لاکھ اہلکار قانون کی حکمرانی سے باہر استثنیٰ کے قانون کی حفاظتی چھتری کے تحت بیگناہ کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، عصمت دری، تشدد، لوٹ مار، اغوا اور بلاجواز گرفتار یاں عام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی استصواب رائے کی قراردادوں پر بات کرنا بھی ایک جرم ہے،جو خود کونسل کے لیے ایک چونکا دینے والی توہین ہے۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اور اس حوالے سے دیگر ضوابط کی موجودگی کے باوجود کشمیر یوں کو جبر و استبداد کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اعلامیہ پر اسکی روح کے مطابق عملدآمد نہیں ہو رہا اور بعض طاقتیں اسے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کر تی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صاف گوئی اور منصفانہ ذہنیت اس نتیجے کی تائید کرتی ہے کہ اقوام متحدہ عالمی امن، انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کے حوالے سے تکلیف دہ حد تک غیر موثر ہے۔ڈاکٹر فائی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلامیے کو73برس سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن کشمیریوں نے انسانی حقوق کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی۔ڈاکٹر فائی نے کہا کہ اگر مقبوضہ جموں وکشمیر میں بین الاقوامی قوانین کا اطلاق کیا جاتا تو انسانیت کے خلاف جرائم اور جارحیت کے مرتکب بھارتی سویلین اور فوجی رہنماو¿ں کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے برسوں پہلے ایک بین الاقوامی جنگی جرائم کا ٹریبونل قائم ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سلوبوڈن میلوسیوچ نے کوسوو اور بوسنیا میں جو کچھ کیا وہ اتنا ہی ہے جو بھارتی سویلین اور ملٹری قیادت نے کشمیر میں لگاتار 73 برس سے کیا ہے۔ڈاکٹر فائی نے افسوس کا اظہار کہ عالمی برادری جنوبی ایشیا میں بھارتی بالادستی اوراسکی پرکشش معاشی صورتحال کے باعث کشمیر کی سفاک حقیقت سے آنکھیں بند کر لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنا ہے تو دنیا کو اپنی توجہ اس مسئلے پر مرکوز کرنا ہوگی۔