اسلام آباد:مقررین کی طرف سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کی مذمت
اسلام آباد:
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں مقررین نے بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشنز کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان منظم واقعات کا مقصدپاکستان کو بدنام کرنا اور خطے میں مودی حکومت کی جارحانہ ہرزہ سرائی اور عسکریت پسندانہ موقف کاجواز فراہم کرنا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ” دھوکہ دہی کو بے نقاب کرنا :بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کا تنقیدی جائزہ ”کے موضوع پرپریس کانفرنس کا اہتمام
سینٹر فار ڈویلپمنٹ اینڈ سٹیبلیٹی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کیاتھا۔سی ڈی ایس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف نے اپنے خطاب میں بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشنز کے انداز اور پاکستان اور جنوبی ایشیائی خطے پر ان کے وسیع اثرات کو سمجھنے کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ہتھکنڈوں سے کشیدگی میں اضافہ اور اور علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچتاہے ۔سی ڈی ایس کے سرپرست اعلیٰ ریٹائرڈ بریگیڈیئرآصف ہارون راجہ نے بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشنز خاص طورپر 1971کے واقعات سے لے کر پہلگام واقعے تک کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بدنام زمانہ انٹیلی جنس ایجنسی”را”پاکستان کو بدنام اور غیر مستحکم کرنے کیلئے خفیہ کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان مذموم کارروائیوں کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ اور پاکستان کو بدنام کرنا اور بھارت کے غیر قانونی عسکری اقدامات کا جوازفراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر اشرف نے کہاکہ بھارت کی طرف سے جھوٹے فلیگ آپریشنز کا بیانیہ امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔





