جنرل عاصم منیرکا بیان کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی عکاسی کرتاہے: ماہرین
اسلام آباد 05دسمبر (کے ایم ایس)ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کشمیر سے متعلق پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بیان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجود دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کو لگنے والے زخموں پر مرہم رکھنے والا قرار دیا ہے۔
ماہرین اور تجزیہ کاروں نے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے فوج کے سربراہ کی جانب سے عالمی برادری کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں سے کیاگیا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کرنے کی تعریف کی۔انہوں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بھارتی سول اور فوجی قیادت کی جانب سے کی جانے والی بیان بازی کا مناسب جواب دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ ”پاکستان دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے”نہ صرف پاکستا ن اورآزاد کشمیرکے عوام بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے بھی حوصلے بلند کرنے والے ہیں۔ ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ مودی کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے پاکستانی فوج اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی عکاسی کرتاہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بری فوج کے سربراہ نے کہا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مضبوطی سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں،پاک فوج کے بہادر بیٹے پاکستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنے بھائیوں کے دفاع کے لیے بھی تیار ہیں۔ماہرین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکے لیے پاکستان کی حمایت جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔