بھارت کے پانی پر غرور کو خاک میں ملا دیں گے، شہباز شریف
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو حالیہ جنگ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،اب بھارت کے پانی پر غرور کو خاک میں ملا دیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت آبی ذخائر سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ بدترین شکست کے بعد بھی بھارت کی دھمکیوں میں کمی نہیں آئی ہے۔بھارت اب سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار بنا کر پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ بھارت کی پانی روکنے کی دھمکیوں کو دنیا نے سنجیدہ نہیں لیا اور اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ جیسے بھارت کو جنگ میں شکست دی ایسے پانی پر گھمنڈ کو بھی خاک میں ملائیں گے، یواین سیکرٹری جنرل نے کنونشن بلایا تھا ہم انٹرنیشنل واٹر ٹریٹی پر کام کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا فرض ہے آئندہ نسلوں کیلئے پانی کی ضرورت کو محفوظ بنائیں، 24کروڑ عوام کیلئے پانی کی کمی کو پورا کرنا ہے ہمیں پانی کی اسٹوریج کیپسٹی کو بڑھانا ہوگا۔پیٹ کاٹ کر پانی کے ذخائر نہیں بنائیں گے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔







