پاکستان کا بیانیہ عالمی سطح پر بھارت کی شکست ہے ،سینیٹر شیری رحمان
اسلام آباد:
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی وفد کی اہم رکن سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی وفد کا دورہ امریکا نتیجہ خیز رہا ہے اور پاکستان کا بیانیہ عالمی سطح پر سراہا گیا جبکہ اس کے برعکس بھارتی بیانیہ مسترد کر دیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک انٹرویو میں شیری رحمن نے امریکا میں پاکستان کی سفارتی مصروفیات کی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ عالمی سطح پر گونج رہا ہے جبکہ اس کے برعکس بھارتی بیانیہ مسترد کیا جا رہا ہے۔شیری رحمن نے بھارت کی سفارتی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی منفی سوچ اور بیانیے کی وجہ سے اقوام عالم کو قائل کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔شیری رحمن نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی کوششیں پوری طرح سے ناکام رہی ہیں اور بھارت کی سفارتی تنہائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسے عالمی سطح پر مسلسل ناکامیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ان ممالک کی بھی تعریف کی جنہوں نے اہم معاملات پر افہام و تفہیم اور یکجہتی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔





