بھارت کی بلااشتعال جارحیت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح دی، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پر بھارت کی بلااشتعال جارحیت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح دی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد وزیراعظم نے سینیٹ و قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے، یقین ہے یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، سیاسی قیادت، عوام اور میڈیا نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کا موقف واضح کیااور بھارت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی، اوور سیز پاکستانیوں نے سفارتی وفد کا شاندار استقبال کیا، اوور سیز پاکستانیوں نے سفارتی اور فوجی فتح پر حکومت اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔






